’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘: 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس
بھنسالی پروڈکشن کے مطابق فلم نے اب تک 108.3 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے(فوٹو: سکرین گریب)
بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔
بھنسالی پروڈکشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ فلم نے اب تک 108.3 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عالیہ بھٹ، اجے دیوگن، وجے راز اور شانتنو مہیشوری شامل ہیں۔
یہ فلم کامتھی پورہ کی گنگوبائی کی زندگی کے سفر کا بیان کرتی ہے جو ممبئی کے مافیا کی سب سے طاقتور شخصیات میں سے ایک تھیں۔ عالیہ بھٹ نے فلم میں گنگوبائی کا کردار ادا کیا ہے۔
انسٹاگرام پر، بھنسالی پروڈکشن نے فلم کا ایک پوسٹر شیئر کیا جس پر لکھا ہے کہ ’108.3 کروڑ ورلڈ وائیڈ گراس باکس آفس، اتنا سارا پیار دینے کے لیے شکریہ۔ ٹکٹ بک کریں۔‘
عالیہ کی تازہ ترین فلم کورونا وائرس کی وبا کے درمیان تیسری سب سے بڑی اوپنر تھی جس نے اپنے پہلے دن 10.5 کروڑ کی کمائی کی۔
فلم نقاد اور تجزیہ کار فلم بزنس تجزیہ کار ترن آدرش نے ٹوئٹر پر اعداد و شمار شیئر کیے تھے جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ گنگوبائی کاٹھیاواڑی کورونا وائرس کے دنوں میں تیسری سب سے بڑی اوپنر (فلم) تھی۔ پہلی فلم اکشے کمار کی فلم سوریاونشی تھی جو دیوالی کے تہوار کے دوران ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اپنے پہلے دن 26.29 کروڑ روپے کمائے تھے۔