Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ندیم افضل چن کا دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

ندیم افضل چن نے 2018 کے عام انتخابات سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن نے تحریک انصاف چھوڑ کر دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
ندیم افضل چن کے قریبی ذرائع نے اردو نیوز کو تصدیق کی کہ ندیم افضل چن سے اتوار کو لاہور میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملاقات کریں گے۔
اس موقع پر ندیم افضل چن ایک بار پھر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
ندیم افضل چن نے 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ہی این اے 88 سرگودھا سے حصہ لیا تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے انہیں جنوری 2019 میں اپنا ترجمان اور معاون خصوصی مقرر کیا تھا، تاہم حکومت سے کئی معاملات پر اختلافات کے باعث انہوں نے جنوری 2021 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
جنوری 2021 میں مچھ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے مزدوروں کی ہلاکت پر دیے گئے دھرنے کی حمایت اور وزیراعظم عمران خان کے وہاں نہ جانے پر ندیم افضل چن نے ایک تنقیدی ٹویٹ کی تھی جس پر انہیں ترجمان وزیراعظم شہباز گِل نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
استعفے کے بعد ان کے خاندانی ذرائع نے کہا تھا کہ ’ندیم افضل چن اور ان کے خاندان کے باقی سیاسی افراد نے تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ البتہ کچھ حلقوں کی جانب سے انہیں یہ مشورہ ضرور دیا جا رہا ہے کہ وہ واپس پیپلز پارٹی میں واپس چلے جائیں۔‘

شیئر: