Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے سابق صدر رفیق تارڑ انتقال کر گئے

1997 میں سینیٹر منتخب ہونے کے بعد اسی سال ہی مسلم لیگ نے ان کو صدارت کے لیے نامزد کیا۔ (فائل فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق صدر رفیق تارڑ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
مسلم لیگ کے رہنما عطااللہ تارڑ نے پیر کو اپنی ٹویٹ میں سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

 

رفیق تارڑ پاکستان کے نویں صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے یکم جنوری 1998 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور 20 جون 2001 تک وہ اس عہدے پر کام کرتے رہے۔
اس سے قبل وہ چھ مارچ 1991 سے یکم نومبر 1994 سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سابق صدر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سابق صدر کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ٹویٹ کیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے سابق صدر محمد رفیق تارڑ کی وفات پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت کی ہے اور ان کے ایصال ثواب اور اہل خانہ کے لے لیے دعائیہ کلمات کہے۔
رفیق تارڑ دو نومبر 1929 کو منڈی بہاالدین میں پیدا ہوئے۔ وہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر 1997 میں سینیٹر بھی منتخب ہوئے۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے 1951 میں ایل ایل بی کیا اور اس کے بعد لاہور میں پریکٹس شروع کی، بعد ازاں وہ اعلیٰ عدلیہ کے جج بھی رہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد 65 سال کی عمر میں انہوں نے نواز شریف کے قانونی مشیر کی حیثیت سے کام شروع کیا اور یوں ان کی سیاست میں آمد ہوئی۔
1997 میں سینیٹر منتخب ہونے کے بعد اسی سال ہی مسلم لیگ نے ان کو صدارت کے لیے نامزد کیا اور اگلے سال جنوری میں وہ صدر مملکت بن گئے۔

شیئر: