سعودی عرب میں 13 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین گرفتار
’گرفتار شدگان کی کل تعداد میں سے 7533 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے 13 ہزار 360 غیر قانونی تارکین گرفتار ہوئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ افراد اقامہ و لیبر قوانین کے علاوہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کی کل تعداد میں سے 7533 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے‘۔
’اسی طرح 3884 سرحدی قوانین کی جبکہ 1943 گرفتار شدگان لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گزشتہ ہفتے 253 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
’ان میں سے 38 فیصد یمنی، 58 فیصد ایتھوپی جبکہ 4 فیصد دیگر ملکوں کے تارکین ہیں‘۔
’اسی طرح سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہوئے 172 تارکین گرفتار ہوئے ہیں‘۔
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی افراد کو سہولت فراہم کرنے پر 6 افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں‘۔