وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی جانے والی عدم اعتماد کی تحریک پر اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی تاہم اس سے ایک روز قبل حکمران جماعت نے پارلیمنٹ کے باہر ڈی چوک میں سیاسی جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے پیر کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’23 مارچ کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے اور 24 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد پہنچ کر فیصلہ ہوگا کہ کب تک اسلام آباد میں رہنا ہے۔‘
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں جب جائے گی، تو پارلیمنٹ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کے بیچ میں سے ہو کر گزرنا پڑے گا، تحریک عدم اعتماد کی کارروائی کے بعد بھی جب اس کے ارکان پارلیمنٹ سے نکلیں گے تو انہیں کارکنوں کا سامنا ہوگا۔
اس صورت حال پر اپوزیشن کی جماعتوں نے بھی سر جوڑ لیے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے: پرویز الہیNode ID: 652411