کھانا جیکلین فرنینڈز کا دشمن کیسے بن گیا؟
18 مارچ کو جیکولین کی فلم ’بچن پانڈے‘ سنیماؤں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے (فائل فوٹو: جیکلین فرنینڈز انسٹاگرام)
سنہ 2006 میں مس یونیورس سری لنکا کا تاج اپنے سر پر سجانے والی جیکلین فرنینڈز کا شمار اس وقت بالی وڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
’ہاؤس فل‘ فرنچائز، ’برادرز‘، ’کک ‘ اور جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’بچن پانڈے‘ کے علاوہ بھی جیکولین اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں لیکن کیا کبھی شہرت کے دباؤ نے ان پر منفی اثر ڈالا ہے؟
بالی وڈ کی خبروں کی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹی کے نئے پروگرام ’شیپ آف یو‘ میں جیکلین فرنینڈز نے اپنے بچپن کے دنوں میں کھانے کی عادات کے ساتھ اپنی جدوجہد اور کھانے کے کئی مسائل سے گزرنے کے بارے میں بات کی۔
’شیپ آف یو‘ کی پہلی قسط میں شلپا شیٹی نے جیکلین فرنینڈز سے پوچھا کہ کیا جب وہ دباؤ می ہوتی ہیں تو ان کی کھانے کی عادات تبدیل ہوتی ہیں؟
اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اپنی 20 کی دہائی میں مجھے کھانے کے کافی مسائل کا سامنا تھا۔ بہت زیادہ۔ یہ میرے مقابلے کے دنوں کی وجہ سے ہوا، مجھے اس وقت احساس نہیں تھا لیکن 19 سال کی عمر میں ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ظاہر ہونے کا (اس کا اپنا دباؤ تھا)۔‘
’یہ تب تھا جب مجھ پر واقعی دباؤ آیا، میں نہیں جانتی تھی کہ اسے کیسے سنبھالو۔ کھانا دشمن بن گیا۔ پھر یہ میری 20 کی دہائی میں جاری رہا اور کیمرے کے سامنے بھی (جب میں ایک اداکار بن گئی) جاری رہا۔‘
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جیسے (میں اس کے بارے میں فکر کروں گی) کہ میں کیمرے کے سامنے کیسے دیکھوں گی۔ یہ ایسا ہی تھا کہ آپ اپنے آپ کو کھانے کی سزا دیں گے۔ لیکن مجھ پر خدا کی مہربانی رہی اور میں اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی۔ آہستہ آہستہ، اس میں وقت لگا۔‘
واضح رہے کہ 18 مارچ کو جیکلین کی فلم ’بچن پانڈے‘ سینماؤں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں اکشے کمار اور کریتی سینن بھی شامل ہیں۔