Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین پر حملہ کامیاب، دھمکیاں دینے کی جگہ نہیں بننے دیں گے: پوتن

ولادیمیر پوتن کے مطابق روس کے پاس فوج بھیجنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا (فوٹو اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ’یوکرین پر کامیاب حملہ کیا گیا ہے اور وہ اسے روس کو دھمکیاں دینے کی جگہ نہیں بننے دیں گے۔‘
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ ’آپریشن پلان کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ روس کے پاس فوج بھیجنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔ ہم ہرگز اجازت نہیں گے کہ یوکرین سے روس کے خلاف جارحانہ کارروائیاں ہوں۔‘
روئٹرز کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروو نے بدھ کو کہا کہ یوکرین کی جانب سے ’غیرجانبداری‘ پر بات کرنے پر رضامندی کے بعد امن معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے۔
روسی وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد امید بندھی ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یورپ کی سب سے بڑی جنگ ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’دیگر باتوں کے ساتھ ساتھ اب سکیورٹی گارنٹی اور غیرجانبداری پر بھی سنجیدگی سے گفتگو ہو رہی ہے۔‘
’اب اس چیز پر بات چیت ہو رہی ہے، بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو معاہدے کے قریب ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے نیٹو میں شمولیت کے بغیر سکیورٹی گارنٹی کے ساتھ یوکرین کی غیر جانبداری کی بات کی تھی۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’مذاکرات آسان نہیں، لیکن امید ہے کہ سمجھوتہ ہوجائے گا۔‘
یوکرین نے بھی مذاکرات کے حوالے سے مثبت بیانات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ مذاکرات کےلیے تیار ہے، لیکن وہ نہ تو ہتھیار ڈالے گا اور نہ ہی روسی الٹی میٹم کو مانے گا۔‘
سرگئی لاروو کا کہنا تھا کہ ’مرکزی نکات میں مشرقی یوکرین کے عوام کی سکیورٹی، یوکرین کو غیر فوجی قرار دینا اور یوکرین میں روسی زبان بولنے والوں کے حقوق شامل ہیں۔‘

شیئر: