Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ فکسنگ کے خلاف لڑ رہا ہوں، کراچی ٹیسٹ نہ دیکھ سکا: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم نے بابر اعظم کو اچھی اننگز کھیلنے پر مبارکباد بھی دی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ’ورلڈ کلاس بیٹنگ‘ کرنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے ٹیم کی اچھی قیادت کی ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور بیٹسمین عبداللہ شفیق کی بھی تعریف کی۔
یاد رہے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم صرف 148 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں لگتا تھا جیسے کینگروز یہ میچ باآسانی جیت جائیں گے۔
لیکن پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے 196، محمد رضوان کے 104 اور عبداللہ شفیق کی 96 رنز کی اننگز نے آسٹریلیا کی جیت کے خواب کو ڈرا میں تبدیل کر دیا۔
تاہم وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ یہ ٹیسٹ میچ دیکھنے سے محروم رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے میں یہ میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ میں ایک اور محاذ پر میچ فکسنگ کے خلاف لڑ رہا ہوں جہاں بڑی مقدار میں پیسہ میرے کھلاڑیوں کو پھنسانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔‘
وزیراعظم کے اس پیغام کا نشانہ دراصل حزب اختلاف کی جماعتیں ہیں جنہوں نے ان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ اور سابق صدر آصف زرداری پر یہ الزام عائد کر چکے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے ارکین کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیئر: