سعودی اور برطانوی سپیس کمیشن میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
خلا کے پرامن استعمال میں مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا( فوٹو سبق)
سعودی اور برطانوی سپیس کمیشن میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت خلائی مرکز کے حوالے سے دوطرفہ تعاون جاری رہے گا۔
سبق نیوز کے مطابق دونوں ممالک کے خلائی مرکز کے مابین تعاون کا مقصد خلائی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرنا اور خلا کے پرامن استعمال میں مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کا جائزہ لینا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے خلائی مراکز میں معلومات ٹیکنالوجی اور کارکنوں کا تبادلہ کیاجائے گا تاکہ دوطرفہ تجربات کے تبادلے سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
سعودی ایئراسپیس اتھارٹی کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجینئرعبداللہ بن عامر السواحہ جبکہ برطانوی خلائی مرکز کی جانب سے وزیر مملکت برائے امورتوانائی اور صنعتی منصوبہ بندی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کواسی کوارٹینج نے مفاہمتی یاداشت کی دستاویز پردستخط کیے ہیں۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت خلائی سائنسی اورانجینئرنگ کے شعبوں میں دوطرفہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے سلسلے میں بھرپورتعاون کرتے ہوئے سائنسی آلات اور فضائی ٹیکنالوجی میں اضافے کے پروگرام پرعمل کیاجائے گا۔
علاوہ ازیں زمین کی نگرانی کےعمل اورمصنوعی سیاروں کی تیاری اور انہیں لانچ کرنے میں بھی دوطرفہ تعاون جاری رہےگا۔
یاد رہے خلائی منصوبے کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والا معاہدے دراصل مملکت کے ترقیاتی وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے جس کے تحت مملکت کو مختلف میدانوں میں ترقی دینا شامل ہے۔