Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست فلائٹ لاہور سے روانہ ہوگی

ابتدائی طور پر پی آئی اے کی ایک پرواز لاہور سے سڈنی کے لیے چلائی جائے گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست فلائٹ اگلے مہینے روانہ ہوگی۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ’انتظار ختم ہوا! ہم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی براہ راست فلائٹ متعارف کروا رہے ہیں۔‘
پاکستان کی سرکاری ایئرلائن کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست 22 اپریل کو لاہور سے روانہ ہوگی اور سڈنی میں اترے گی۔
واضح رہے آسٹریلوی سول ایوی ایشن حکام نے 14 مارچ کو پی آئی اے کو پاکستان سے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے پچھلے ہفتے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’آسٹریلوی حکام نے پی آئی اے کو پاکستان سے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ پی آئی اے کا آسٹریلیا کے لیے براہ راست فضائی آپریشن 22 اپریل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’ابتدائی طور پر پی آئی اے کی ایک پرواز لاہور سے سڈنی کے لیے چلائی جائے گی جو بتدریج ہفتہ وار دو پروازوں تک بڑھائی جائے گی‘۔

شیئر: