Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا، آج این آر او کی بھیک مانگ رہا ہے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کی ساری پارٹی انہیں چھوڑ گئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ جو این آر او نہ دینے کی بات کرتے تھے لیکن آج ایڑیاں رگڑ رگڑ کر سب سے این آر او کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
جمعے کو لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان عوام کو نہیں بلکہ کسی اور کو آوازیں دے رہے ہیں کہ انہیں آ کر بچالے، لیکن اب کوئی نہیں بچائے گا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کا قافلہ مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ سے سنیچر کو ان کی اور حمزہ شہباز کی قیادت میں نکلے گا۔‘
’مسلم لیگ ن کا سیکریٹریٹ وہ سیکریٹریٹ ہے جس سے نواز شریف اور شہباز شریف نے بڑے بڑے قافلوں کو لیڈ کیا۔ سنیچر کو یہی قافلہ نواز شریف کی ووٹ کو عزت دو کی تحریک کو عزت دلوانے جارہا ہے۔‘
انہوں  نے کہا کہ ’جی ٹی روڈ کا یہ سفر دوبارہ اس ملک کو ترقی کی جانب لے کرجائے گا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان روز کہتے ہیں کہ ان کے پاس پتے ہیں، لیکن خزاں کی طرح ان کے سارے پتے جھڑ چکے ہیں اور صرف ایک ٹرمپ کارڈ رہ گیا ہے اور وہ یہ ہے کہ سیاست سے اب دستبردار ہوجائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دو درجن سے زائد لوگ عمران خان کی پارٹی چھوڑ چکے ہیں، اب تو یہ سمجھ نہیں آتی کہ یہ پارٹی سے لوگوں کو نکالیں گے یا پارٹی ان کو نکالے گی،
 ایک ممبر کو پکڑتے ہیں تو دوسرا بھاگ جاتا ہے، دوسرے کو پکڑتا ہے تو تیسرا بھاگ جاتا ہے۔‘
مریم نواز نے عدم اعتماد سے متعلق کہا کہ ’عمران خان ووٹنگ کے مرحلے کو آگے کر کے اقتدار کی بھیک مانگ رہے ہیں، کوئی بھی عزت نفس والا شخص اقتدار سے چپکا نہیں رہتا۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے حساب دینے کا وقت آگیا ہے، عوام ضرور حساب مانگیں گے۔ ان کا اقتدار ابھی نہیں گیا ہے لیکن جانے والا ہے۔‘

شیئر: