Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرمٹ کے بغیر تفریحی کیمپ لگانا قانونی طورپر جرم

پہلی بار خلاف ورزی پر 500 ریال جرمانہ ہوگا۔ (فوٹو الاخباریہ چینل)
نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ’این سی وی سی‘ کے ڈائریکٹر دغیم النومسی نے کہا ہے کہ پرمٹ کے بغیر سبزہ زاروں میں کیمپ لگانا قانون شکنی ہے جس پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق گرین انیشیٹو مہم کے تحت مملکت میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں سبزہ زاروں میں اضافہ کرنا اور مستقبل میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا شامل ہے۔
نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کا قیام بھی اس مقصد کے لیے کیا گیا ہے تاکہ مملکت میں سبزے میں اضافہ کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار بنایا جاسکے اس ضمن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کے منصوبوں پر بھی مملکت کے تمام ریجنز میں تیزی سے عمل جاری ہے۔
این سی وی سی کے ڈائریکٹر نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ تفریح کے لیے سبزہ زاروں پر کیمپنگ کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مقررہ ضوابط کو مدنظر رکھیں۔
قانون کی شق نمبر 11 کے مطابق وہ افراد جو پرمٹ حاصل کیے بغیر سبزہ زاروں یا مخصوص مقامات پر تفریحی کیمپ لگاتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
پرمٹ کے بغیر کیمپ لگانے پر پہلی بار خلاف ورزی کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ وہی خلاف ورزی دہرائے جانے پر جرمانہ 2 ہزار ریال تک کردیا جاتا ہے۔
النومسی کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے کی ٹیمیں خلاف ورزی کا باقاعدہ ریکارڈ رکھتی ہیں تاکہ اسی شخص کی جانب سے وہی خلاف ورزی دہرائے جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم میں اضافہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں کیمپ لگانے پرسبزہ زار کو جو نقصان پہنچا ہو اسے بھی درست کرنا خلاف ورزی کے مرتکب کے ذمہ ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: