اسلام آباد/نئی دہلی... ہندوستانی وزارت خارجہ نے پاکستان میں کلبھوشن یادو کی سزائے موت پر احتجاج کیا ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا، جس میں دعوی کیا گیا کہ کل بھوشن یادوکو گزشتہ سال ایران سے اغوا کیا گیا، کلبھوشن کی پاکستان میں موجودگی کبھی جامع اندازمیں نہیں بتائی گئی۔ہندوستانی ہائی کمیشن نے13 مرتبہ قونصلر رسائی مانگی جونہیں دی گئی پھر اسے سزائے موت کاحکم سنادیا گیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق عبدالباسط خان نے احتجاج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد کو سزا دے کر کوئی غلط کام نہیں کیا، ملک کی سلامتی سے زیادہ کچھ عزیز نہیں۔کلبھوشن یادو ایک دہشت گرد ہے اور اسے سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے ہندوستانی حکام سے کہا کہ ایک جانب آپ دہشت گردی کریں اور پھر احتجاج بھی کیا جائے۔