جے یو آئی کے کارکن اسلام آباد میں، ن لیگ کا قافلہ گوجرانوالہ سے نکلے گا
سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کے باعث موٹروے پر بڑی گاڑیاں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کا اسلام آباد کی جانب مارچ جاری ہے۔
اتوار کو مسلم لیگ ن کے کارکن گوجرانوالہ سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کریں گے۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں ن لیگ کی ریلی کے شرکا نے لاہور سے سفر کا آغاز کیا تھا اور رات گوجرانوالہ میں پڑاؤ ڈالا۔
ن لیگ کے میڈیا سیل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتوار کو تین بجے گوجرانوالہ میں جلسہ عام ہوگا جس کے بعد اسلام آباد کی جانب سفر کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
گزشتہ رات مریم نواز نے مارچ کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ ابھی ساڑھے تین سال ہوئے ہیں اور لوگ لندن میں بیٹھے نواز شریف کو واپس آنے کے لیے آوازیں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف آج لندن میں بیٹھا ہے لیکن ان کو ایسی مار ماری ہے کہ ان کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی۔‘
ادھر پی ڈی ایم میں شامل دوسری بڑی پارٹی جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد پہنچی ہے جنہوں نے سیکٹر ایچ نائن کے میدان میں پڑاؤ ڈالا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے رات گئے کارکنوں سے خطاب میں تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ان کے سارے سہارے ٹوٹ چکے ہیں۔ ان کا کندھا خالی ہو چکا ہے اور اب ان کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ استعفیٰ دے کر گھر چلیں جائیں۔‘
دوسری جانب موٹروے پولیس نے لاہور، پشاور، اسلام آباد اور ہزارہ موٹروے پر بڑی گاڑیاں کا داخلہ بند کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے اس کی وجہ سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔