صد سالہ اجتماع کی کامیابی پر جمعیت علماء اسلام کو مبارکباد، کمیونٹی
جمعیت گزشتہ سو سال سے اسلام کی صحیح تعلیمات سے عوام کو روشناس کرارہی ہے
ریاض (ذکاء اللہ محسن)ریاض میں پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے جمعیت علماء اسلام کے صد سالہ اجتماع کی کامیابی پر مولانافضل الرحمن اور عبد الغفور حیدری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ریاض کے معروف پاکستانی تاجر شیخ سعید نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے اندر نظام مصطفیٰ کی علمبردار جماعت ہے جو گزشتہ سو سال سے لوگوں کو اسلام کی صحیح تعلیمات سے روشناس کروانے کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی اپنی ساکھ بنا چکی ہے۔ مولانافضل الرحمن اور مولانا عبدالغفور حیدری کی سیاسی بصیرت کے باعث اب تک کئی سیاسی بحرانوں پر قابو پایا جا چکا ہے۔ صد سالہ تقریب میں لاکھوں کی تعداد میں آنے والے افراد نے جس طرح قومی وحدت کا عملی مظاہرہ کیا ہے،وہ اپنی مثال آپ ہے۔ امام کعبہ کا دورہ پاکستان نہایت اہم ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ وقار نسیم وامق نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کی صد سالہ تقریبات میں دنیا بھر سے علماء کرام کے علاوہ اقلیتی برادری بھی شریک ہوئی ۔چوہدری سجاد احمد نے کہا کہ مولانا علی محمد ابو تراب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی ذاتی کوششوں کے باعث امام کعبہ پاکستان روانہ ہوئے۔