Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ کے اعلامیے میں سازش کا ایک لفظ نہیں‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’آئین اور قانون کے ذریعے عمران خان کا بوریا بستر گول کریں گے۔‘ (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں ان کے خلاف عالمی سازش ہوئی ،اگر امریکہ نے خط لکھا تھا تو او آئی سی کے اجلاس میں امریکی وفد کو کیوں مدعو کیا۔‘
انہوں نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ’خط سات مارچ کو آیا تو پھر تین ہفتے کیوں خاموش رہے؟‘
شہباز شریف کے بقول سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں سازش کا ایک لفظ نہیں۔ ’آئین اور قانون کے ذریعے عمران خان کا بوریا بستر گول کریں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامیہ کو ووٹنگ کے روز سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ ’پرسوں سیاسی ناٹک کا خاتمہ ہو جائے گا، شکست نظر آنے پر ایک لاکھ لوگ لانے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔‘
کرپشن کیسز کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف درجنوں مقدمات درج کیے گئے اور احتساب کی آڑ میں بدترین انتقام لیا گیا لیکن اب احتساب کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تمام میگا سکینڈلز عمران خان کے دور میں آئے لیکن ایک بھی ریفرنس نیب کو نہیں بھیجا گیا۔ چینی، ادویات، گیس اور پاور پلانٹ کے کئی سکینڈلز سامنے آئے۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے علاج کے بعد جلد پاکستان واپس آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں گے اور مہنگائی کو ختم کرنے کے لیے اپنی جان لڑا دیں گے۔‘ 

شیئر: