وزیراعظم کی اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرنے پر مشاورت
وزیراعظم کی اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرنے پر مشاورت
جمعہ 1 اپریل 2022 17:39
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان کے مطابق ’وہ اتوار کے روز اپوزیشن کو ایک سرپرائز دیں گے‘ (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کا راستہ روکنے کے لیے مختلف قانونی آپشنز پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے ایک اہم رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم سے اپوزیشن اتحاد کے سینیئر رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرنے پر مشاورت کی ہے۔‘
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو وزارت قانون کا اضافی قلم دان سونپ دیا ہے جنہوں نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے درخواست دائر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ’اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن اتحاد کے سینیئر رہنماؤں اور امریکی حکام سے ملاقاتیں کرنے والے آٹھ منحرف ارکان کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرنے پر بھی مشاورت کی ہے۔‘
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’تحریک عدم اعتماد پر مختلف دیگر قانونی آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو سینیئر صحافیوں سے بھی ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے مختلف قانونی آپشنز کا تذکرہ بھی کیا۔
جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے دنیا ٹی وی سے وابستہ صحافی اجمل جامی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آخری گیند تک کھیلیں گے اور وہ یہ جانتے ہیں کہ آخری گیند تک کیسے کھیلنا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’عمران خان کے مطابق وہ اتوار کے روز اپوزیشن کو ایک سرپرائز دیں گے۔‘
’جب ان سے ان کا پلان پوچھا گیا تو وزیراعظم نے بتایا کہ وہ مختلف قانونی آپشنز پر غور کر رہے ہیں جس میں سپیکر آفس کی طرف بھی ان کا اشارہ موجود تھا۔‘
صحافی نے بتایا کہ ’وزیراعظم پراعتماد ہیں کہ انہوں نے قوم کو یہ سمجھا دیا ہے کہ ان کے خلاف غیر ملکی سازش ہو رہی ہے اور جو لوگ اس کے حق میں ووٹ دیں گے وہ غدار کہلائیں گے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمیں ان ملاقاتوں اور سازش کا پہلے سے علم تھا، اس مراسلے کو او آئی سی کے اجلاس کے باعث تاخیر سے لایا گیا، ہم نہیں چاہتے تھے کے باقی ممالک پر اثر پڑے۔‘