شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت فوری منسوخ کرنے کی استدعا مسترد
لاہور میں ایک مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتیں فوری منسوخ کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔
سنیچر کو سپیشل کورٹ سینٹرل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست پر فوری سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ عدالت قانون اور آئین کی محافظ بھی ہے، عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔
جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے کہا کہ اگر عبوری ضمانت میں توسیع غلط ہے تو ایف آئی اے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے، یہ عدالت اپنے ہی حکم پر کیسے نظر ثانی کرے۔
ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ عدالت ہمارا کیس سننے کو ہی تیار نہیں ہے۔
سپیشل کورٹ سینٹرل کے جج نے کہا کہ دوسرے فریق کو سنے بغیر کیسے آرڈر پاس کر سکتے ہیں؟
وکیل نے کہا کہ حکم عدالت نے دینا ہے تاہم ان کو مؤقف سن لیا جائے۔
جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منسوخی کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیا۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نوٹسز جاری کرتے چار اپریل کو وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا ہے۔