Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومولود کا اقامہ نہیں بنوایا، فیملی کا فائنل ایگزٹ کس طرح لگایا جائے؟

فیملی فیس میں سالانہ کے حساب سے 100 ریال اضافہ مقررکیا گیا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں 2017 سے فیملی قوانین میں کافی تبدیلیاں کی گئیں جن کے تحت مملکت میں مقیم غیرملکی تارکین کے اہل خانہ پرماہانہ بنیاد پرفیس عائد کی گئی تھی۔ 
فیملی فیس کا سلسلہ جاری ہے جس کی ادائیگی کے بغیر اقامہ تجدید نہیں کیا جاسکتا۔ فیملی فیس ادا کرنے کے بعد ہی اقامہ کی تجدید یا خروج نہائی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ 
ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹر پردریافت کیا کہ ’والدین اقامہ پرہیں۔ پانچ ماہ قبل بچے کی ولادت ہوئی تھی، فیملی فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے اقامہ جاری نہیں کرایا جاسکا۔ کیا خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی کے لیے کارآمد اقامہ کا ہونا ضروری ہے۔ خروج نہائی اس وقت تک نہیں لگایا جاسکتا جب تک کارآمد اقامہ نہ ہو۔ 
واضح رہے سعودی عرب جولائی 2017 سے ایسے تارکین جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں ان پرفی فرد ماہانہ بنیاد پر100 ریال فیس عائد کی گئی تھی۔ 
فیملی فیس میں سالانہ کے حساب سے 100 ریال اضافہ مقررکیا گیا تھا جس کے اعتبار سے سال 2018 میں یہ فیس 200 ریال ماہانہ جبکہ سال 2019 میں 300 اور سال 2020 میں 400 ریال ماہانہ فی فرد کے حساب سے وصول کی جاتی ہے۔  
مملکت میں مقیم تارکین کے اہل خانہ کا اقامہ کیونکہ سربراہ خانہ کے اقامے سے منسلک ہوتا ہے، اس لیے جب تک فیملی کی ماہانہ بنیاد پرفیس ادا نہیں کی جاتی اقامہ تجدید نہیں کیا جا سکتا۔ 
گزشتہ برس تک فیملی فیس 12 ماہ کی یکمشت وصول کی جاتی تھی۔ تاہم امسال سے یہ سہولت دی گئی ہے کہ فیملی فیس تین ، چھ اورایک برس کی ادا کی جا سکتی ہے جس کے بعد اقامہ کی تجدید اسی حساب سے ممکن ہوسکتی ہے۔ 
خیال رہے کہ فیملی کے ہمراہ مملکت میں مقیم تارکین کےلیے لازمی ہے کہ وہ گھرکے ہر فرد کے حساب سے ماہانہ بنیاد پر فیس ادا کریں جس کے بعد ہی ان کا اقامہ تجدید کیا جا سکتا ہے۔ 

بچوں پرعائد فیس، جو امسال 400 ریال ماہانہ ہے (فوٹو ایس پی اے)

وہ افراد جنہوں نے اپنے ان بچوں کا اقامہ نہیں بنوایا جو مملکت میں پیدا ہوئے ان کےلیے لازمی ہے کہ جب تک وہ مقررہ عرصے کی فیس ادا نہیں کرتے اس وقت تک ان کے بچوں کا اقامہ نہیں بنایا جاسکتا۔ 
بچوں پرعائد فیس، جو امسال 400 ریال ماہانہ ہے، کے حساب سے جتنی مدت اقامہ کے حساب سے بنتی ہے اتنے عرصے کا اقامہ بنوانے کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔ 
فیملی فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ جاری کرایا جاسکتا ہے جس کے بعد ہی فیملی کا خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ یا خروج وعودہ ویزہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ خروج نہائی نہیں لگایا جاسکتا۔

شیئر: