Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلبھوشن کو سزا سنانے کے بعداہلخانہ پریشان

نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کے خاندان والوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی طرف سے کلبھوشن کو سزائے موت سنانے کی خبرسے پریشان ہیں۔ امید ہے کہ حکومت معاملہ حل کرنے کیلئے کسی بھی سطح پر جاکر کام کریگی۔کلبھوشن کے خاندان والوں کو سزائے موت سنانے کی خبر گزشتہ روز حکام نے پہنچائی تھی۔ اس کے خاندان کے ذریعے نے بتایا کہ حکام نے انہیں کہا کہ وہ کسی بھی ’’بدترین‘‘صورتحال کیلئے خود کو تیار کرلیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے کلبھوشن سے ملاقات کیلئے ہند کے کسی سفارتی نمائندے کو اجازت نہیں دی۔کلبھوشن کے خاندان نے امید ظاہر کی کہ حکومت معاملے میں مداخلت کریگی تاہم حکام نے انہیں واضح کردیا کہ حکومت کے پاس اس معاملے میں آپشن محدود ہیں۔پاکستان کی طرف سے سزائے موت سنانے کی خبر کے بعد کلبھوشن کے خاندان نے صحافیوں سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا۔اس کے والد سدھیر یادواسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور دل کے مریض ہیں۔ وہ مارچ 2016سے ہی جب وہ گرفتار ہوا تھا پریشانی کے عالم میں ہیں۔پچھلے دنوں غلطی سے کنٹرول لائن پار کرکے پاکستان جانیوالے فوجی کی رہائی کے بعد کلبھوشن کے خاندان والے پر امید تھے لیکن سزائے موت سنانے کے اعلان سے کلبھوشن کا خاندان سکتہ کے عالم میں ہے۔اس کے خاندان والوں نے اپنی بلڈنگ کے سامنے پولیس تعینات کرنے کی درخواست کی ہے جس کے بعد وہاں پولیس تعینات کردی گئی۔

شیئر: