Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد

شہباز شریف کے وکیل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو آج سپریم کورٹ نے طلب کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کی ایک خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
پیر کو عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور  شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کےلیے 11 اپریل کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے خصوصی عدالت میں اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو آج سپریم کورٹ نے طلب کیا ہے جبکہ وکیل اعظم نذیر تارڑ بھی سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔
’شہباز شریف کے وکیل نے دوران سماعت کہا کہ شہباز شریف نے آج سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنی ہے جبکہ انہوں نے اپنے وکیل سے مشاورت بھی کرنی ہے۔‘
تاہم مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔
اتوار کو قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے ملکی سیاسی صورتحال کا ازخود لیتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو طلب کیا تھا۔ 
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل نے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ شہباز شریف کو سپریم کورٹ نے ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا۔
جب ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالتی حکم کی کاپی عدالت کو جمع کروائی تو شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ ’کیسے کہا جا سکتا ہے کہ یہ مصدقہ کاپی ہے۔‘
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ’اگر کاپی غلط ہوئی تو میرے خلاف ایف آئی آر درج کروا دیجیے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایسی صورتحال پر کیسے عدالت میں غلط بیانی کر سکتا ہوں۔‘
جو درخواست ایف آئی اے نے دو دن پہلے دائر کی اس پر ایف آئی اے نے خود نوٹس لے رکھا ہے۔

شیئر: