روہت شرما کی خراب بیٹنگ، وڑا پاؤ پر پابندی کا مطالبہ کیوں؟
جمعرات 7 اپریل 2022 10:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ممبئی انڈینز کی ٹیم اب تک آئی پی ایل 2022 میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی ہے۔ (تصویر: انسٹاگرام)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں خراب بیٹنگ پرفارمنس کی وجہ سے انڈین ٹیم اور ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنے ہوئے ہیں۔
آئی پی ایل 2022 میں ممبئی انڈینز اب تک تین میچ کھیل چکے ہیں لیکن کسی بھی میچ میں روہت شرما الیون کو اب تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔
بدھ کی رات شاہ رخ خان کی کلکتہ نائٹ رائڈرز نے ممبئی انڈینز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹیم کی جیت میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے صرف پندرہ گیندوں پر 56 رنز بناکر اہم کردار ادا کیا تھا۔
ماضی میں پانچ بار آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ٹیم کے پرستار مسلسل شکستوں سے دل گرفتہ نظر آرہے ہیں اور ان ناکامیوں کا ذمہ دار کپتان روہت شرما کو قرار دے رہے ہیں۔
گذشتہ رات کلکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف روہت شرما 12 گیندوں پر صرف تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
ان کی خراب بیٹنگ فارم پر مفضل وہرا نے لکھا ’میرے پسندیدہ کپتان روہت شرما ختم ہوگئے ہیں، یہ سوچ کر مجھے تکلیف ہوتی ہے لیکن ایسا ہی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ان (روہت شرما) کی رات کو دیر سے کھانے کی عادتیں ہیں جو ان کی گیم برباد کررہی ہیں۔‘
’وڑا پاؤ پر پابندی لگائی جائے جب تک وہ کپتان ہیں۔‘
واضح رہے ’وڑا پاؤ‘ انڈین شہر ممبئی کی مشہور ترین ڈش ہے۔
بارہ گیندوں پر 3 رنز بنانے پر سابق انڈین کپتان ایم ایس دھونی کے ایک پرستار نے ٹویٹ میں لکھا ’کیا بہترین ٹیسٹ اننگز کھیلی ہے وڑا پاؤ روہت شرما نے۔‘
انڈین صحافی سامپ راجگرو نے روہت شرما کو مشورہ دیا کہ ’میرے خیال میں روہت شرما کو کپتانی فوراً سوریا کمار یادیو کے حوالے کر دینی چاہیے اور بحیثیت کھلاڑی آزادی سے کھیلنا چاہیے۔‘
جہاں ممبئی انڈینز کے کپتان پر تنقید ہو رہی ہے وہیں ان کے پرستار بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کا کھل کر دفاع کر رہے ہیں۔
آشا نامی صارف لکھتی ہیں کہ ’جو روہت شرما پر تنقید کر رہے ہیں یاد رکھیں انہوں نے پانچ آئی پی ایل ٹائٹل جیتے ہیں اور وہ اب بھی آئی پی ایل کے کامیاب ترین کپتان ہیں۔‘
’سر ڈنڈا‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’جیت اور ہار سے فرق نہیں پڑتا۔ صرف روہت شرما سے فرق پڑتا ہے اور کوئی ان سے آگے نہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’وہ پہلے سے ہی اس لیگ کے سب سے بہترین کپتان ہیں۔‘
خیال رہے کہ کلکتہ نائٹ رائڈرز سے میچ سے قبل دو میچوں میں روہت شرما نے 32 گیندوں پر 41 اور پانچ گیندوں پر 10 رنز بنائے تھے۔