افطار ڈنرمیں بزرگوں نے رمضان المبارک کے متعلق بھولی بسری یادیں تازہ کیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی اور وزیر بلدیات و دیہی و آبادکاری امور ماجد الحقیل اور نائب وزیر افرادی قوت ماجد الغانمی نے ریاض اولڈ ہوم پہنچ کر بزرگوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔
اخبار24 کے مطابق اولڈ ہوم میں افطار دستر خوان پر موجود افراد مملکت کے اہم وزرا کو اپنے درمیان پاکر خوشی سے نہال ہو گئے۔ سب نے وزرا کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
احمد الراجحی نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری وزارت معاشرے کے بزرگوں کی نگہداشت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔ رمضان فضیلتوں کا مہینہ ہے اس میں بزرگوں کے دل جیتنا سعودی معاشرے کا شیوہ ہے۔‘
وزارت کی جانب سے معمر افراد کے لیے پانچ مراکز کھولنے کا پروگرام ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
الراجحی نے کہا کہ ’ہماری وزارت کا ایک بڑا مشن یہ بھی ہے کہ زندگی کا معیار بلند کرنے کے لیے بزرگوں کو اعلیٰ درجے کی سہولتیں مہیاں ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت بزرگوں کے لیے پانچ مثالی مراکز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سوشل کلب کی سہولتوں سے آراستہ ہوں گے۔ بزرگوں کے لیے سپیشل کارڈ جاری ہوں گے جن سے انہیں متعدد رعایتیں ملیں گی۔
افطار دستر خوان پر بزرگوں نے رمضان المبارک کے متعلق بھولی بسری یادیں تازہ کیں۔
الراجحی نے اولڈ ہوم سینٹر کا دورہ کیا۔ وہاں طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ذمہ داران کو تاکید کی کہ وہ بزرگوں کا دل جیتنے کی ممکن کوشش کریں۔ آخر میں بزرگوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔