پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر کے پاس جمع
ریفرنس میں 20 منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے (فوٹو: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ)
تحریک انصاف نے اپنے منحرف ارکان قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیا ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس سنیچر کو قومی اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے سپیکر کے حوالے کیا۔
پارٹی کے 20 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت جمع کروایا گیا۔
ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان ارکان نے پارٹی چھوڑ کر اپوزیشن جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’منحرف ارکان کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے تاہم اس کا خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا۔‘
ریفرنس میں سپیکر قومی اسمبلی سے استدعا کی گئی کہ منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔