جو بائیڈن کا نریندر مودی سے رابطہ، روس کے خلاف سخت مؤقف اپنانے پر امریکہ کا اصرار
جو بائیڈن کا نریندر مودی سے رابطہ، روس کے خلاف سخت مؤقف اپنانے پر امریکہ کا اصرار
پیر 11 اپریل 2022 20:50
یوکرین جنگ پر انڈیا کے غیرجانبدارانہ کردار پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: اے پی
روس کی جانب سے یوکرین پر حملے سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کی ویڈیو لنک کے ذریعے انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیر کو ہونے والی ورچوئل ملاقات میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ روس کی جنگ کے غیر مستحکم اثرات سے نمٹنے کے لیے انڈیا کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر نے انڈیا کے ساتھ دفاعی شعبے میں شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری مشترکہ اقدار اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہی دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی بنیاد ہیں۔‘
یوکرین جنگ کے معاملے پر انڈیا کی جانب سے غیر جانبدارانہ رویے اپنانے پر واشنگٹن میں خدشات کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے انڈیا کے کردار کو سراہا ہے۔
ورچوئل ملاقات میں نریندر مودی نے یوکرین میں صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا جنگ کے دوران ایک انڈین طالب علم کی بھی ہلاکت واقع ہوئی ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے روس اور یوکرین کے صدور سے بات کی ہے اور پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
یوکرین کے شہر بُوچا میں متعدد افراد کی ہلاکتیں منظر عام پر آنے کے بعد انڈیا نے واقعے کی نہ صرف مذمت کی تھی بلکہ غیر جانبدار تحقیقات کروانے کا بھی کہا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے روس کی ہیومن رائٹس کونسل میں رکنیت منسوخ کرنے کی غرض سے ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں انڈیا شریک نہیں ہوا تھا۔ اجلاس میں 93 ممالک نے رکنیت ختم کرنے کے حق میں اور 24 نے مخالفت میں ووٹ دیا تھا جبکہ انڈیا سمیت 58 ممالک نے ووٹ سے اجتناب کیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین پساکی نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ نریندر مودی کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں جو بائیڈن یوکرین جنگ کے نتائج پر بات چیت کریں گے اور جنگ کے اثرات کو خوراک کی سپلائی اور اشیا کی مارکیٹ پر کم کرنے کے حوالے سے موضوعات بھی زیر بحث آئیں گے۔
خیال رہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے دباؤ کے باوجود انڈیا توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے روس سے تیل و گیس خرید کر رہا ہے۔
حال ہی میں انڈیا نے روس سے فضائی دفائی نظام خریدا ہے جس کو بنیاد بناتے ہوئے امریکہ انڈیا پر پابندیاں لگانے پر غور کر رہا ہے۔
گزشتہ ماہ انڈیا کی سرکاری کمپنی ’انڈین آئل کور‘ نے روس سے تیس لاکھ بیرل خام تیل خریدا تھا۔ انڈیا کے علاوہ جرمنی سمیت کئی اتحادی ممالک دباؤ کے باوجود روس سے تیل کی درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔