’تعلقات مزید مضبوط ہوں گے‘ چین کی شہباز شریف کو مبارک باد
’تعلقات مزید مضبوط ہوں گے‘ چین کی شہباز شریف کو مبارک باد
منگل 12 اپریل 2022 14:47
چین نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی نے چینی خبررساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھجواتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ چین اور پاکستان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’چین اور پاکستان ہر طرح کے حالات میں تعاون کے سٹریٹیجک پارٹنرز ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کبھی ختم نہ ہونے والے تعلقات ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چین اس نئے دور میں اپنی روایتی دوستی کو جاری رکھنے، ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے، مشترکہ طور پر اعلٰی معیار کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کے علاوہ دیگر معاملات میں بھی چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔‘
پیر کو شہباز شریف کی جانب سے وزارت عظمٰی کا حلف اٹھائے جانے کے بعد چین کے سرکاری میڈیا نے کہا تھا کہ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گذشتہ حکومت سے زیادہ بہتر ہوں گے۔
گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے مضمون کے مطابق ’شہباز شریف کا تعلق شریف فیملی سے ہے جو لمبے عرصے سے پاکستان اور چین کے تعلقات کو آگے بڑھا رہی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات عمراں خان کے دور حکومت سے زیادہ بہتر ہوں گے۔‘
پاکستان اور چین کے ماہرین مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے پُراعتماد ہیں، کیونکہ انہیں یقین ہے کہ نئی حکومت پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام منصوبوں کو متاثر نہیں ہونے دے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ امریکہ نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے، خصوصاً سی پیک اور بی آر آئی کو نشانہ بنایا ہے، لیکن چین کو فکرمند نہیں ہونا چاہیے۔‘
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون کرکے وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک دی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوغان نے کہا کہ ’آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں۔‘