Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی محبت، شفقت اور دوستی فراموش نہیں کر سکتے: شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی محبت، شفقت اور دوستی کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ اس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
پیر کو بطور وزیراعظم پارلیمان سے اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف نے پچھلی حکومت کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور خاص طور پر سعودی عرب کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب 1998 میں پاکستان نے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کر کے انڈیا کے دانت کھٹے کیے تو پاکستان پر معاشی پابندیاں لگیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب میں تھا۔ اس وقت سعودی قیادت نے کہا، آپ مشکل میں ہیں، آپ فکر نہ کریں آپ کی تیل کی ضرورت ہم پورا سال پوری کریں گے۔‘
شہباز شریف نے پچھلی حکومت کے طرزعمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کے اس جملے کا خصوصی طور پر حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کے بغیر بھی کشمیر کے معاملے پر بات کر سکتے ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ
ایسا اس ملک کے بارے میں کہا گیا، جہاں خانہ خدا ہے، روضہ رسول ہے، جہاں  پاکستان سمیت دنیا بھر سے اربوں مسلمان خدا کے حضور جھکنے کے لیے جاتے ہیں۔‘
’ایسے سعودی عرب، جس نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، کے بارے میں ایسی بات کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔‘
شہباز شریف کے مطابق ’ہم سعودی عرب کی فراخ دلانہ، شفقت، محبت، دوستی اور امداد کو زندگی بھر نہیں بھولیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم خادمین حرمین شرفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں کہ وہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوتے رہے۔‘

شیئر: