Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا فیصلہ

اسحاق ڈار کے نئے پاسپورٹ کے اجرا اور نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواستیں تیار ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار دونوں پاکستانی شہری ہیں اور پاسپورٹ کا حصول ان کا بنیادی حق ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کے دوران سوالوں کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی ہے۔
’وہ علاج کے لیے بیرون ملک ہیں۔ ان کے پاسپورٹ کی تجدید ان کا حق ہے جسے روکنا زیادتی تھی۔‘
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جب بھی نواز شریف کو ڈاکٹرز سفر کی اجازت دیں گے وہ پاکستان آ جائیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اگلے کچھ دنوں میں لندن میں جلا وطن رہنماؤں کے پاسپورٹس کی تجدید کر دی جائے گی۔ نواز شریف اور اسحاق ڈار کو نئے پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کا عملہ احکامات پر فوری عمل درآمد کرے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف کو سفارتی جب کہ اسحاق ڈار کو نارمل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہیں۔ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل منسوخ کرا دیا گیا تھا ۔
اسحاق ڈار کے نئے پاسپورٹ کے اجرا اور نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواستیں تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار پاسپورٹ کے اجرا کے بعد سعودی عرب میں عمرہ ادا کر کے پاکستان واپس آ سکتے ہیں۔  

شیئر: