Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں’فوج کو بدنام کرنے کی مہم‘کا نوٹس

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں فوج کو بدنام کرنے اور معاشرے اور فوج کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ مہم کا نوٹس لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اپنی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتی ہے اور ہر حال میں اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کو بچاتے ہوئے اس کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرتی رہے گی۔
جی ایچ کیو میں ہونے والی 79 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔
بیان کے مطابق فورم نے کہا کہ پاکستان کی قومی سکیورٹی مقدس ہے۔ ’پاکستان آرمی ہمیشہ سے ریاستی ادروں کو حفاظت کے لیے ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔‘
فورم نے آرمی لیڈرشپ کے آئین اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھنے کے طے شدہ موقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے خطرات کے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی تیاریوں اور فوری ردعمل کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
 اس موقع پر قوم کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوجی افسران اور جوانوں کو ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فارمومیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو پیشہ ورانہ امور کے علاوہ سکیورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

شیئر: