سکنی پروگرام، ریاض میں 5 ہزار نئے رہائشی ولاز کی تعمیر کا آغاز
نئے یونٹ ریاض کے شمال اور جنوب میں الاسالہ پروجیکٹ میں واقع ہیں( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی نیشنل ہاؤسنگ کمپنی نے 2022 کے دوران سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام کے ذریعے رئیل سٹیٹ کی فراہمی کو بڑھانے کے منصوبے کے تحت ریاض میں پانچ ہزارنئے رہائشی ولاز کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز نے سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے حوالے سےبتایا کہ شروع کیے گئے نئے یونٹ ریاض کے شمال اور جنوب میں الاسالہ پروجیکٹ میں واقع ہیں۔
ہاؤسنگ یونٹس اپریل کے دوران مرحلہ وار پیش کیے جائیں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریزرویشن سکنی ایپلیکیشن، ویب سائٹ اور اس کے مکمل سروسز سینٹر کے ذریعے دستیاب ہو گی۔
سعودی وزارت ہاؤسنگ اینڈ رئیل سٹیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ نے سعودی عرب میں اپنے شہریوں کے لیے گھروں کی ملکیت کو آسان بنانے کے مقصد سے2017 میں سکنی پروگرام تشکیل دیا تھا۔
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے ریاض میں منعقدہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں سکنی فورم کے دوران متعدد ایجنسیوں کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
ان معاہدوں کا مقصد بے گھر خاندانوں کو اپنے گھر مہیا کرنا اور سعودی خاندانوں کو اپنے مکان کا مالک بنانے کے لیے آسانی فراہم کرنا ہے۔ یوں 2030 تک گھر کی ملکیت کو 70 فیصد تک بڑھا کر وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے متعدد شراکت داروں، بشمول فنانسروں، ڈویلپرز اور ٹھیکیداروں کو آخری مدت کے دوران کی جانے والی کوششوں اور پروگرام کے اہداف کے حصول میں ان کی شراکت پراعزازی سند دی تھی۔