پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی پولیس نے پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کو دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
جمعرات کو پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملزم نے آسڑیلوی وزارت داخلہ کے نمبر پر کال کر کے آسٹریلوی ٹیم پر لاہور میں حملے کی دھمکی دی تھی۔‘
مزید پڑھیں
-
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچ گئیNode ID: 648336
-
پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں: کرکٹ آسٹریلیاNode ID: 648751
ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے فیصل آباد پولیس نے بتایا ہے کہ ’تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے سرفراز کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عرفان نصیر کو گرفتار کیا۔ ملزم کو تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔‘
’ملزم عرفان نصیر کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔‘
فیصل آباد پولیس نے آسٹریلین ٹیم کو پاکستان دورہ پر دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے آسڑیلین وزارت داخلہ کے نمبر پر کال کر کے آسٹریلین ٹیم پر لاہور میں حملے کی دھمکی دی تھی۔@fsdpolice pic.twitter.com/f8uG3OR0In
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) April 14, 2022
واضح رہے کہ رواں برس فروری میں 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ یہ 1998 کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔
24 سال بعد پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔ تاہم آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ ’پاکستان میں کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے۔ پی سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں اطراف کی سرکاری سکیورٹی ایجنسیوں نے اس پوسٹ کی نوعیت اور مواد کی تحقیقات کی ہیں۔‘
اس تاریخی سیریز میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے گرین شرٹس سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ واحد ٹی20 میچ بھی اپنے نام کیا جبکہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کامیاب رہا۔
