آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان: ’کچھ کھلاڑیوں کو سکیورٹی خدشات ہو سکتے ہیں‘
آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان: ’کچھ کھلاڑیوں کو سکیورٹی خدشات ہو سکتے ہیں‘
منگل 9 نومبر 2021 13:02
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ٹم پین نے آگے نہیں کھیلا تو پیٹ کمنز پر دباؤ ہوگا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے پاکستان کے دورے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس دورے پر کچھ کھلاڑیوں کو سیکورٹی خدشات ہو سکتے ہیں۔
اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق 36 سالہ ٹم پین کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ کرکٹ سیریز سے آگے اپنا کیریئر نہیں دیکھ رہے۔
تاہم آسٹریلین کرکٹ کے ماہرین کا ماننا ہے کہ کپتانی ان کی قائدانہ صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ٹم پین نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے بعد کھیل کو آگے نہیں بڑھایا تو پیٹ کمنز پر دباؤ ہوگا، جو فاسٹ بولر تو ہیں، لیکن ان کی قائدانہ صلاحیت کم ہے۔
اس صورتحال کا ایک حل تو یہ ہے کہ سٹیو سمتھ کو کپتان کے طور پر واپس بلا لیا جائے، تاہم آسٹریلوی کرکٹ بورڈ میں سٹیو سمتھ کو کپتان بنانے پر اعتراضات پائے جاتے ہیں۔ اس کی وجہ 2018 کا بال ٹیمپرنگ کا تنازع ہے جس میں اس وقت کے کپتان سٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو مبینہ طور پر ملوث پایا گیا تھا۔
پاکستان کے دورے کے حوالے سے ٹم پین نے تسلیم کرتے یوئے کہا کہ ’سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہو سکتا ہے کچھ کھلاڑی وہاں نہ جانا چاہ رہے ہوں۔‘
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 1998 میں پاکستان کا آخری دورہ کیا تھا جبکہ اگلے مجوزے دورے کا شیڈول پیر کی رات کو جاری کیا گیا ہے، لیکن یہ معاملہ اب بھی غیر یقینی کا شکار ہے کہ میچ کھیلے جائیں گے یا نہیں۔
ٹوور کا ٹائم آسٹریلین بورڈ کے لیے مناسب ہے کیونکہ چیئرمین رچرڈ فروڈینسٹائن اور سی ای او نِک ہاکلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بات چیت کے لیے منگل کو متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوں گے۔