پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں: کرکٹ آسٹریلیا
24 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کے اہلخانہ کو مبینہ دھمکیاں ملنے کے معاملے پر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پیر کو کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے۔ پی سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں اطراف کی سرکاری سکیورٹی ایجنسیوں نے اس پوسٹ کی نوعیت اور مواد کی تحقیقات کی ہیں۔‘
واضح رہے کہ مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم میں شامل کھلاڑی کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر انڈیا سے دھمکیاں دی گئی ہیں۔ یہ دھمکیاں انسٹاگرام پر دی گئیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’اس قسم کی سوشل میڈیا سرگرمی کے لیے جامع سیکورٹی پلانز ترتیب دیے گئے ہیں اور انہیں اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی کو پاکستان میں کھیلنے پر دھمکی دی گئی تھی، دھمکیاں انسٹاگرام پر جعلی اکاؤنٹ jyot.isharma391 سے دی گئیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اپنا دورہ پاکستان چھوڑ کر چلی گئی تھی جس کی وجہ سکیورٹی خطرات قرار دیا گیا تھا۔
اس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا شیڈولڈ دورہ ملتوی کر دیا تھا۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچی ہے۔ اتوار کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا۔
آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اپنی 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کے دورے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔