امریکہ میں 183 جانوروں کو فریزر میں منجمد کرنے والا شخص گرفتار
خاتون نے شکایت کی تھی کہ مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ نے ان سے افزائش نسل کے لیے سانپ لیے تھے، جو واپس نہیں کیے۔ (فوٹو: ایریزونا پولیس)
امریکی ریاست ایریزونا میں حکام نے ایک شخص کو جانوروں پر ظلم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ملزم مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ کے گیراج میں موجود فریزر سے 183 مردہ جانور برآمد ہوئے۔ ان میں سے کچھ جانوروں کو زندہ حالت میں ہی منجمد کردیا گیا تھا۔
جمعرات کو مقامی پولیس کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس حکام اور محکمہ اینیمل کنٹرول کے افسروں نے یہ جانور ایک خاتون کی شکایت کے بعد تین اپریل کو گیراج کے فریزر میں دریافت کیے۔
خاتون نے شکایت کی تھی کہ مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ نے ان سے افزائش نسل کے لیے سانپ لیے تھے، جو واپس نہیں کیے۔
پولیس کے بیان کے مطابق منجمد جانوروں میں کتے، چوہے، خرگوش، چھپکلیاں، کچھوے، پرندے اور سانپ شامل تھے۔
’ایسا لگتا ہے کہ کئی جانوروں کے جسم کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ زندہ ہی جم گئے تھے۔‘
گھر کے مالک نے مبینہ طور پر مائیکل پیٹرک ٹرلینڈ اور ان کی اہلیہ کے جائیداد خالی کرنے کے بعد صفائی کرتے ہوئے منجمد جانوروں کو دریافت کیا۔
اس کے بعد مالک نے خاتون سے رابطہ کیا جنہوں نے پولیس کو آگاہ کیا۔
ملزم کو بدھ کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ ’کچھ جانوروں کو اس وقت فریزر میں رکھا گیا جب وہ زندہ تھے۔‘