Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی اتحادیوں کو بریفنگ، ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی‘

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر سبسڈی کو ملک دشمنی قرار دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر کے مطابق حکومتی اتحاد کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں زیادہ دیر برقرار نہیں رکھ سکتے، مجبوراً قیمتیں بڑھانا ہوں گی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے سنیچر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومتی اتحاد کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار اختر مینگل اور دیگر اتحادیوں نے شرکت کی۔ 
اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما علی گوہر بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کو ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے پر شرکا نے وزیراعظم کی تعریف کی۔‘
علی گوہر بلوچ کے مطابق ’وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھی جا سکتیں۔ ہمیں مجبوراً پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ہوں گی۔'
علی گوہر بلوچ نے بتایا کہ ’وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں قیمتوں سے کیا جائے گا، گزشتہ حکومت سبسڈی دے کر قومی خزانہ پر بوجھ ڈالتی رہی ہے۔ سبسڈی دے کر ماہانہ بنیاد پر قومی خزانے پر اتنا بڑا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا۔‘
’اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک بار پھر تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا اعادہ کیا اور کہا کہ آج وفاقی کابینہ کے پہلے فیز کا اعلان کر دیا جائے گا جس میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔
اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ 'ڈپٹی سپیکر کا عہدہ جے یو آئی ف کو دینے کے لیے مشاورت ہوئی ہے اور ہماری کی کوشش ہے کہ ڈپٹی سپیکر کاعہدہ متفقہ طور پر جے یو آئی ف کی خاتون رکن شاہدہ اختر علی کو دے کر پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر منتخب کروائیں۔‘

شیئر: