Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید گفٹ کارڈز کے لیے سعودی آرٹسٹ کی پارٹنر شپ

الیکٹرانک 'عیدیہ' گفٹ کارڈز نے فن کو پھیلانے میں بہت اچھا اثر ڈالا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
امریکہ کی ملٹی نیشنل ای کامرس کمپنی امیزون نے رواں ہفتے دو نوجوان سعودی آرٹسٹ علاء البخاری اور مجد جاہا کے ساتھ ایک منفرد  شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوزکے مطابق ان خواتین آرٹسٹ کے  ڈیزائن کیے گئے الیکٹرانک 'عیدیہ' گفٹ کارڈز اور دیگر فن پارے ایک خاص پارٹنر شپ کےتحت تقسیم کئے جائیں گے۔

خاص ڈیزائن کردہ گفٹ کارڈز سعودی تاریخ سے متاثر ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

خصوصی طور پر  ڈیزائن کئے گئے یہ کارڈزعید پر ایک نیا انداز پیش کریں گے جو عید کے تہوار کے دوران ہفتہ بھر اپنے خاندان اور دوستوں کے مابین تحفہ دینے کی مقبول روایت کو قائم رکھیں گے۔
اس خاص آرٹ ورکس میں عید کی خوشی کے اظہار کے لیے مملکت کی تاریخ اور فن تعمیر سے متاثر گرافکس شامل ہیں۔
امیزون کے لیے علاء البخاری کے ڈیزائن کردہ گفٹ کارڈز'عیدیہ' سعودی شناخت اور تاریخ سے متاثر تھے۔
فنون لطیفہ اور گرافک ڈیزائن کی تعلیم حاصل کرنے والی  آرٹسٹ  کا کہنا ہے کہ امیزون کے اس تعاون پر میں  بہت فخر محسوس کرتی ہوں۔

 کارڈز میں مملکت کی تاریخ اور فن تعمیر سے متاثر گرافکس شامل ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

علاء البخاری نے کہا کہ میں امیزون کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی  کہ عید کے خاص موقع پر مجھے اپنے کام کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے کارڈز کے ڈیزائن نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا میں ابھرتے ہوئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
اسی طرح دوسری سعودی آرٹسٹ مجد جاہا بھی اپنی اس کاوش سے خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ امیزون کے ساتھ کام کرنے کا میرا یہ پہلا تجربہ نہیں بلکہ ہم نے گزشتہ سال  بھی کمپنی کے لیے 'عیدیہ' کارڈز ڈیزائن کیے تھے۔

آرٹسٹ مجد جاہا کو بچپن سے ہی خاص قسم کی ڈرائنگ کا شوق رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مجد جاہا نے  بتایا کہ  رواں  سال کے ڈیزائنز کے لیے سعودی فن تعمیر اور مختلف علاقوں کے فیشن  کو یکجا کیا گیا ہے جبکہ عید کی خوشی اور اس کی روایات کو خصوصی طور پر ان ڈیزائن میں شامل کیا گیا ہے۔
مجد جاہا کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن سے ہی خاص قسم کی ڈرائنگ کا شوق رہا ہے اور انہوں نے اپنے ڈیزائن اور آرٹس کی آبیاری کے لیے 2018 میں مجد سٹوڈیو کا آغاز کیا اور یہ سٹوڈیو عرب آرٹسٹس کو اپنے کام کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امیزون پر الیکٹرانک 'عیدیہ گفٹ کارڈز' ڈیزائن کرنے میں میری پہلی شرکت نے مملکت میں میرے فن کو پھیلانے میں بہت اچھا اثر ڈالا ہے۔
 

شیئر: