قاتل نے غیر ملکی اوراس کی بیوی کو چاقو کےحملے سے ہلاک کر دیا تھا۔ فوٹو ایکسپٹ میڈیا
دبئی کی ایک عدالت نے 26 سالہ شخص کو ایک غیر ملکی جوڑے کے قتل اور ان کی بیٹی پر جان لیوا حملے کے جرم میں سزائے موت سنا دی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مقامی میڈیا کے مطابق اخبار دی نیشنل نے رپورٹ کیا ہےکہ اس شخص نے17 جون 2020 کو غیر ملکی تعمیراتی کارکن ہیرین اور اس کی بیوی ودھی ادھیا کو دبئی میں ان کی رہائش میں گھسنے اور لوٹنے کی کوشش کے بعد چاقو کے حملے سے ہلاک کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قاتل نےغیرملکی کے گھر میں کام کے دوران رقم اور زیورات چوری کرنے کا منصوبہ بنایا لیکن یہ چوری اس وقت قتل میں بدل گئی جب 48 سالہ ہیرین اپنے بیڈ سائیڈ کی دراز کھلنے کی آواز سے بیدار ہوگیا۔
قاتل نے غیر ملکی کارکن کے سینے، پیٹ اور بائیں کندھے کے قریب 10 وار کئے جب کہ اس کی بیوی پر 14 وار پہلے ہی کر چکا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردات کے بعد حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس کا سامنا مقتول کی18 سالہ بیٹی سے ہوا جو والدین کی مدد کے لیے پہنچی تھی۔
اس شخص نے بھاگتے ہوئے ان کی بیٹی کو بھی چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا تھا ۔
زخمی لڑکی اور اس کی 13 سالہ بہن نے مدد کے لیے پولیس اور ایک خاندانی دوست کو فون کیا، رپورٹ میں دونوں بیٹیوں کا نام نہیں بتایا گیا۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہےکہ گھر کے اندر دیوار پر خون آلود ہاتھ کے نشانات اور مقتولین کے بستر پر موجود ماسک کی مدد سے پولیس کو اس شخص کی شناخت میں مدد ملی۔
پولیس نے واردات سے تقریبا 500 میٹر کے فاصلے پر آلہ قتل اور ایک چاقو بھی ڈھونڈ لیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے گھر میں داخل ہونے سے پہلے چھ گھنٹے تک باہر انتظار کیا۔
گزشتہ فروری میں مقدمے کی سماعت کے دوران 18 سالہ بیٹی نے بیان ریکار ڈ کرایا کہ یہ شخص اسے کمرے کے دروازے پر نظر آیا اور اس نے مجھے دیکھتے ہی چھرا گھونپ دیا لیکن میں نے اس کے بھاگنے سے پہلے لات مار دی۔
اس 26 سالہ شخص کو دو افراد کے قتل، ان کی بیٹی پر جان لیوا حملہ اور ڈکیتی کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔
سزا پانے والے شخص کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 15 دن کا وقت موجود ہے۔