سکاؤٹ کی حاضر دماغی، عمرہ زائر خاتون کو بچھڑی والدہ سے ملا دیا
سکاؤٹ کی حاضر دماغی، عمرہ زائر خاتون کو بچھڑی والدہ سے ملا دیا
منگل 26 اپریل 2022 17:22
والدہ کے مل جانے پرخاتون آبدیدہ ہوگئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی سکاؤٹ کی حاضردماغی کام آگئی، اژدھام میں بچھڑجانے والی مغربی معتمرخاتون اپنی والدہ اوراہل خانہ سے مل گئیں۔
عاجل نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران لاکھوں عمرہ زائرین موجود ہیں جنکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ کی مختلف ٹیموں کے علاوہ وزارت تعلیم کی جانب سے بھی سکاؤٹس کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت ہو۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مسجد الحرام میں آتے تھے تاہم گذشتہ دو برس سے کورونا وائرس کے باعث عمرہ زائرین کی آمد پرپابندی عائد تھی۔
امسال سماجی فاصلے سمیت دیگر پابندیاں ختم کیے جانے کے ساتھ ہی عمرہ زائرین کی آمد بھی بحال ہو گئی ہے۔
مسجد الحرام میں اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں مصروف 16 سالہ سعودی سکاؤٹ ’ھیاف جبران آل عامر‘ کو ایک پریشان حال خاتون ملی جنہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹے سے وہ اپنی معمروالدہ کو کھو بیٹھی ہیں۔ بے پناہ اژدھام کی وجہ سے معلوم نہیں کہ والدہ کہاں ہیں۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ انہیں والدہ کا موبائل نمبربھی یاد نہیں ہے جو انہوں نے سعودی عرب آکر’سم ‘حاصل کی تھی ۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کے ’مغربی‘ موبائل نمبر پرکال کررہی ہیں مگروہ بند ہے کیونکہ اس کے جگہ سعودی عرب کی موبائل سم ڈالی گئی ہے۔
خاتون کے پاس موبائل بیلنس بھی نہیں رہا ۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اگربیلنس ہوتا تو وہ اپنے ملک میں فون کرکے وہاں سے والدہ کا سعودی عرب کا موبائل نمبرحاصل کرسکتی ہیں۔
سکاؤٹ نے فوری طورپرخاتون کی مدد کرتے ہوئے ان کا رابطہ ملک میں موجود رشتہ داروں سے کرایا جنہوں نے بچھڑی ہوئی معمرخاتون کا موبائل نمبرانہیں فراہم کردیا اس طرح بچھڑی خاتون اپنی معمروالدہ سے مل گئیں۔
والدہ کے ملنے پرزائرین خاتون خوشی سے آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے اسکاوٹ کی تعریف کی اور اسکے عمل کوسراہاـ