انڈیا کی کراچی خودکش حملے کی مذمت، دہشت گردی کے خلاف ’بلاامتیاز‘ موقف کا مطالبہ
جمعرات 28 اپریل 2022 19:56
انڈیا نے جامعہ کراچی میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی ہے جس میں تین چینی باشندوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
جمعرات کو انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے میڈیا سے گفتگو میں کراچی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ’بلاامتیاز‘ موقف اپنایا جائے۔
منگل کو کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے باہر ہونے والے خودکش حملے میں چار افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ نے قبول کی تھی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ترجمان نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نریندر مودی کے دورہ کشمیر کو ’ڈرامہ‘ قرار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ مودی کا کشمیر کا دورہ ہوا ہی نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے باوجود کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
’ہمارا موقف بہت ہی سادہ ہے کہ دہشت گردی سے پاک ماحول ہی میں بات چیت ہوسکتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گو کہ شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان خطوط کا تبالہ ہوا ہے تاہم پاکستان کے حوالے سے انڈیا کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
’ہمارا بنیادی ایشو دہشت گردی سے پاک ماحول ہے اور یہ درست مطالبہ ہے۔‘
خیال رہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ گذشتہ اتوار کو نریندر مودی نے وادی کا دورہ کیا تھا۔
دورے کے دوران نریندر مودی نے کشمیر کے لیے 20 ہزار کروڑ روپے (490 ارب پاکستانی روپے) کے منصوبوں کا افتتاح کیا تھا۔
ایشیئن نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اتوار کو وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’جموں و کشمیر میں ترقی کو تیز کرنے کے لیے ترقیاتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’ان منصوبوں کے آغاز سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔‘
20 ہزار کروڑ مالیت کے ان منصوبوں میں بجلی اور مواصلات کے منصوبے ہیں۔