مملکت میں سنیچر کو عید الفطرکا چاند دیکھنے کی اپیل
جمعرات 28 اپریل 2022 22:17
چاند نظرآنے پرقریب ترین عدالت میں گواہی دی جائے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سنیچر 29 رمضان 1443ھ مطابق 30 اپریل 2022 کو عید کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ام القری کیلنڈر کے اعتبار سے سنیچر مطابق 2 اپریل 2022 کو پہلا روزہ تھا۔
سپریم کورٹ چاہتی ہے کہ مملکت میں موجود تمام مسلمان 29 رمضان سنیچر کی شام کو عید کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عید کا چاند دوربین کے ذریعے بھی دیکھا جاسکتا ہے اور آلات کے بغیر بھی دیکھنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ چاند نظر آنے پر قریب ترین عدالت پہنچ کر شہادت قلمبند کرادیں۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ جن کی نظر تیز ہو اور وہ رویت ہلال کمیٹی کی مدد کرنا چاہتے ہوں وہ ہر علاقے میں موجود رویت ہلال کمیٹی میں شریک ہوسکتے ہیں۔ ان کا یہ تعاون قابل قدر اور قابل تعریف ہوگا۔