سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کا جدہ میں استقبال کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جمعے کی صبح رپورٹ کیا کہ سعودی فرمانروا نے صدر اردوغان اور ان کے وفد کا استقبال کیا جبکہ ترک صدر نے مملکت کے دورے اور سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں
-
مملکت میں عید کی نماز کے لیے تیاریاںNode ID: 665256
-
ترک صدر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئےNode ID: 665271
ترک صدر کے اعزاز میں استقبالیے اور عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان کا 2017 کے بعد سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔ جدہ میں ان کا استقبال مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کیا تھا۔
ترکی کی جانب سے بیان کے مطابق’اس دورے کے دوران ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تعلقات کو فروغ دینے پر بات ہو گی۔ دوطرفہ روابط کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل ہر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔‘
خیال رہے کہ ترک صدر اردوغان سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ اپنے روابط بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب صدر اردوغان کو اپنے ملک میں معیشت سمیت کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر اردوغان نے کہا کہ ’میرا یہ دورہ اس بات کی علامت ہے کہ دو برادر ممالک باہمی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم آپس میں سیاسی، عسکری، معاشی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی کاوشیں کر رہے ہیں۔‘