Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت  میں عید کی نماز کے لیے تیاریاں

جدہ میں عید نماز کے لیے 474 مساجد اورعیدگاہیں مخصوص کی گئی ہیں(فوٹو،ٹوئٹر)
مملکت میں عید الفطر کی نماز کے لیے جامع مساجد اور عید گاہوں میں صفائی، دھلائی اور تزئین و آرائش کے تمام ضروری انتظامات کردیے گئے۔
ہر شہر کی میونسپلٹی اور اس کے ماتحت بلدیاتی کونسلوں نے ہزاروں کارکنان کے ذریعے انتظامات کیے ہیں۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کی میونسپلٹی نے مقدس شہر کی تمام جامع مساجد کی صفائی اور دھلائی کا کام مکمل کرالیا ہے۔ کچرے کے ڈبے کثیر تعداد میں رکھوا دیے گئے ہیں۔ 80 سے زیادہ فٹ پاتھ دھلوائے گئے ہیں۔
مجموعی طور پر  84 کلو میٹر طویل مقامات کی صفائی کرائی گئی ہے۔ 16 ٹن سے زیادہ  ٹھوس کچرا اٹھوایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں غیر قانونی طریقے سے فٹ پاتھوں پر سجائی جانے والی عارضی دکانیں بھی اٹھوا دی گئی ہیں۔ ان کے قبضے سے کھانے پینے کی ناقابل استعمال 1500 کلو گرام اشیا ضبط کرکے تلف کرادی گئیں۔ 
جدہ میونسپلٹی نے عید الفطر کی نماز کے  لیے  474 جامع مساجد اور عید گاہوں میں انتظامات مکمل کرلیے۔ 
کورونا وبا کے زمانے میں عید کی نماز کا دائرہ محدود کردیا گیا تھا۔ 2 سال بعد پہلی بار بڑے پیمانے پر مملکت بھر میں عید الفطر کی نماز روایتی جوش و خروش کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ 
جدہ میونسپلٹی نے  19 بلدیاتی کونسلوں میں واقع جامع مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کرنے کا انتظام کیا ہے۔

 حرمین میں بھی عید کی نماز کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے (فوٹو، ایس پی اے)

مشینی وسائل کے علاوہ سادہ طریقے سے صفائی کا بھی بندوبست کردیا گیا ہے۔ جامع مساجد اور عید گاہ جانے والی سڑکوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔ فٹ پاتھ دھلوائے جارہے ہیں اور راستے میں موجود رکاوٹیں اور کچرا صاف کرایا جارہا ہے۔ 
جدہ میونسپلٹی میں صفائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان المحیمید نے کہا کہ میونسپلٹی نے صفائی اور دھلائی کے لیے  1422 کارکن مختص کیے ہیں۔ انہیں  615 مشینیں حوالے کی گئی ہیں۔ المحیمید نے کہا کہ  میونسپلٹی نے  921 کلو میٹر سے زیادہ طویل علاقہ مشینوں اور سادہ طریقے سے صاف کرایا ہے۔ 1569 کچرا کنٹینرز بھی صاف کرائے گئے ہیں اور ان کی اصلاح و مرمت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ 
مدینہ منورہ، دارالحکومت ریاض، دمام، الھفوف، ابہا اور تبوک جیسے بڑے شہروں میں بھی جامع مساجد اور عید گاہوں میں  نماز کے تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ 

شیئر: