Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فاسٹ فار یونیٹی‘، غیرمسلموں کا مسلمانوں سے منفرد اظہار یکجہتی

روزہ اور حجاب چینلجز کا آغاز رمضان کے پہلے دن سے ہوا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور مذہبی رواداری اور افہام و تفہیم کو بہتر بنانے کے لیے ماہ رمضان میں دنیا بھر سے غیر مسلموں نے دو چیلنجوں میں حصہ لیا۔
عرب نیوز کے مطابق 25 سے زیادہ ملکوں نے سالانہ ’فاسٹ فار یونیٹی‘ یعنی روزہ برائے اتحاد اور 30 روزہ ’رمضان حجاب‘ چیلنج میں حصہ لیا۔
اس کا اہتمام ایک غیرمنافع بخش تنظیم ورلڈ حجاب ڈے نے کیا ہے۔ اس تنظیم کا مقصد مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنا ہے۔
ان چینلجز کا آغاز رمضان کے پہلے دن سے ہوا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ روزے کا چیلنج ’غیرمسلموں کو ایک، دو، 10 یا تمام 30 دن کے روزے رکھنے کی دعوت دیتا ہے تاکہ غیرمسلم یہ تجربہ کر سکیں کہ مسلمان کیسے روزہ رکھتے ہیں اور کیسے وہ خود احتسابی کا روحانی سفر طے کرتے ہیں اور اسلامو فوبیا کے خلاف اپنا موقف اپناتے ہیں۔‘
برطانوی گلوکارہ کیٹ سٹیبلز ان غیرمسلموں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اس چیلنج میں حصہ لیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ یہ دوسرا سال ہے کہ وہ چیلنج میں حصہ لے رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’جیسے نام سے معلوم سے ہوتا ہے، ہیش ٹیگ فاسٹ فار یونٹی اسلاموفوبیا کو ختم کرنا اور مذہب اور اختلافات سے قطع نظر اپنی کمیونٹیز میں شامل ہونے کا آغاز ہے۔ برائے مہربانی میری سب سے درخواست ہے کہ معاشرے میں زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے لیے ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔‘

حجاب چیلنج جو ہیش ٹیگ حجاب 30 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 2014 میں شروع ہوا۔ یہ تمام رنگ و نسل کی خواتین کو 30 دن حجاب پہننے کی دعوت دیتا ہے جس کا مقصد حجاب پہننے والی خواتین کے خلاف امتیازی سلوک ختم کرنا ہے۔
یہ چیلنجز متعارف کرنے والی تنظیم ’دی ورلڈ حجاب ڈے‘ نیویارک میں 2013 میں قائم ہوئی تھی جو ہر سال عالمی حجاب ڈے کا اہتمام کرتی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ سال2021 میں کونسل آن امیریکن اسلامک ریلشنز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ 61 فیصد مسلمان طلبہ کا ان کے عقیدے کی وجہ سے تمسخر اڑایا گیا اور ان کو ہراساں کیا گیا۔
سال 2020 میں کیے گئے ایک اور سروے کے مطابق 30 فیصد مسلمان طلبہ نے کہا کہ استاد اور دیگر سکول کا عملہ ان کی ہراسگی کا ذریعہ بنا۔

شیئر: