انڈین عمرہ زائرخاندان کی عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں
خاتون کی طبیعت خراب ہونے پرمسجد الحرام کے ہسپتال لے جایاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
عید الفطرکے روز مکہ مکرمہ میں انڈین عمرہ زائری خاتون کے یہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔ خاتون کو مسجد الحرام کے ہسپتال سے فوری طورپر اجیاد ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والی خاتون اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کےلیے ارض مقدس آئی ہوئی ہیں۔
انڈین خاندان نماز عید کےلیے مسجد الحرام پہنچا جہاں خاتون کی طبیعت خراب ہوگئی جس پرانہیں فوری طورپر مسجد الحرام میں موجود طبی عملے کے پاس لے جایا گیا۔
مسجد الحرام میں موجود لیڈی ڈاکٹر نے خاتون کا چیک اپ کرنے کے بعد انہیں فوری طورپراجیاد جنرل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی جہاں ان کے یہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔
اس حوالے سے اجیاد ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی امداد کے سی ای او ڈاکٹر عبداللہ الحارثی نے بتایا کہ ہسپتال کا عملہ بھی خاتون کی خوشی میں شامل رہا اس طرح خاندان کی عید کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔
ڈاکٹر الحارثی کا مزید کہنا تھا کہ عید الفطرکی ابتدائی ساعتوں میں اجیاد ہسپتال میں عمرہ زائرخاتون کے یہاں پہلی ولادت ہوئی۔
واضح رہے مسجد الحرام میں موجود طبی یونٹ زائرین کو ہرقسم کی طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے یہاں ہمہ وقت طبی عملہ موجود رہتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طورپرضرورت مندوں کوطبی امداد فراہم کی جاسکیں۔