پیٹرول پمپوں پر میٹر ریڈنگ میں گڑ بڑ، پکڑے گئے غیر ملکی کارکنوں کی بے دخلی؟
انہیں دوبارہ مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں پیٹرول پمپوں پر میٹر ریڈنگ میں ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے غیر ملکی تارکین کو بے دخلی کے لیے سیکیورٹی حکام حوالے کیا جائے گا اور انہیں دوبارہ مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سعودی وزارت تجارت، وزارت توانائی، سعودی سٹینڈرز میٹرولوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن ( ایس اے ایس او) نے متعدد پیٹرول پمپوں کا معائنہ کیا جہاں غیرقانونی طریقوں کو دیکھا گیا۔ اس کی رپورٹ کئی صارفین نے وزارت تجارت کو کی تھی۔
سٹیشنوں کے ڈسپینسرز کی جانچ سے پتہ چلا کہ کچھ کارکنوں نے ریڈنگ میٹر میں گڑ بڑ کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ معائنہ کی کارروائی سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ان وڈیوز اور رپوٹس کے بعد کی گئی جس میں پیٹرول پمپوں پر میٹر ریڈنگ میں چھیڑ چھاڑ کا انکشاف کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جدہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و دیہی و آبادکاری امور کے جاری کردہ لائحہ عمل اور پیٹرول سٹیشن کے لیے مقرر ضوابط کی خلاف ورزی پر کئی پٹرول پمپ سیل کیے تھے۔
میونسپلٹی نے ہدایت کی تھی کہ پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ سکرین پر واضح کریں تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ صارفین کو بینک کارڈ سے ادائیگی کی سہولت فراہم کیے جانے کی بھی پابندی نہیں کی جا رہی تھی۔