Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان جلسے کر رہے ہیں مگر یہ نہیں بتاتے کہ مہنگائی کیوں ہوئی؟

وزیراعظم نے کہا کہ ’آج کے بعد شہباز شریف جاگے گا اور آپ آرام سے سوئیں گے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تب ترقی کرے گا جب صرف پنجاب نہیں سارے صوبے ترقی کریں گے۔
سنیچر کو خیبرپختونخوا کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب آٹے کی قیمت کم کرنے جا رہا ہے میں کے پی کے وزیراعلیٰ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی اسی قیمت پر فراہم کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’اگر انہوں نے اس قیمت پر آٹا فراہم نہ کیا تو پنجاب پیسہ فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور دوسرے مسائل کے حل کے لیے دو ارب روپے کی گرانٹ اور بشام کے لیے میڈیکل کالج کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے قرضے لینے اور نواز شریف کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ آج وہ جلسے کر رہے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ ان کے دور میں مہنگائی کیوں ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ عظیم قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ’کے پی میں نواز شریف کے شیر رہتے ہیں۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ 10 سال تک وہ خادم پنجاب رہے لیکن اس کے بعد چار سال صوبے کا برا حال رہا۔
آج میں خادم پاکستان ہوں، میں آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے جان لڑا دوں گا۔
ان کے مطابق پچھلی حکومت نے چار سالوں میں 24 ہزار ارب کے قرضے لیے اور ایک اینٹ نہیں لگائی۔
شہباز شریف نے پشاور کی بی آر ٹی بس سروس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کبھی وہ چلتی رہی اور کبھی جلتی رہی۔ منصوبہ بے انتہا تاخیر کا شکار ہوا اور اس میں بے انتہا کرپشن ہوئی۔ ’ہم نے گیارہ گیارہ مہینے میں میٹرو بسیں چلا کر دکھائی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے آتے ہی رمضان بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور آٹا سستا کیا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلٰی سے اپیل کی کہ ادویات اور علاج مفت کر دیں۔
اگر انہوں نے علاج مفت نہیں کیا تو اس کے لیے میں حاضر ہوں۔‘
جلسے کے دوران انہوں نے حاضرین سے پوچھا کہ 10 کلو کا آٹے تھیلا کتنے میں مل رہا ہے جس پر حاضرین کی جانب سے مختلف قیمتیں بتائی گئیں تو شہباز شریف نے کہا کہ ’سن لو جو قیمت کل اور پرسوں پنجاب میں ہو گی، وہی قیمت یہاں بھی ہو گی۔‘
شہباز شریف نے شرکا سے وعدہ کیا کہ وہ ان سے کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے اور ان کی سہولت کے انتھک کام کریں گے۔
’آج کے بعد شہباز شریف جاگے گا اور آپ آرام سے سوئیں گے۔‘

’ سعودی ولی عہد پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں‘

شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران خصوصی طور پر سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے وہاں کا دورہ کیا تو ولی عہد محمد بن سلمان بہت تپاک سے ملے۔
’ولی عہد محمد بن سلمان نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور اس کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔‘
شہباز شریف نے تقریر کرتے ہوئے ابوظبی کے دورے کا تذکرہ بھی کیا اور کہا وہ جب ابوظبی کے ولی عہد سے ملے تو انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے بے پناہ محبت اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔

شیئر: