وزیراعظم اور لیگی رہنماؤں کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بدھ کو لندن میں پارٹی کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق لندن میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر مشاورت کی جارہی ہے۔
نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر شامل ہیں۔
منگل کو وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے لندن میں مسلم لیگ ن کے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے مشاورت سے کرتی ہیں اور یہ پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی سرکاری دورہ نہیں بلکہ پارٹی ممبران نجی دورے پر لندن جا رہے ہیں۔
منگل کو ہی لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا کہ بہت ضروری امور ہیں جن پر کل اجلاس میں بات ہو گی۔
مسلم لیگ کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ لندن میں کوئی بڑا اجلاس نہیں، اپنی قیادت سے سیاسی مشاورت کے لیے لندن جا رہے ہیں۔
ایک سوال پر کہ کیا سابق وزیراعظم عمران خان کو چھوٹ ملنے پر پارٹی کو تحفظات ہیں، پر ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو چھوٹ ملنی چاہیے۔ اس نے جو کرنا ہے کر لے۔‘