لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کر دیا گیا
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کر دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کو نارمل پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے جس کی مدت دس سال ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق پاسپورٹ لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے جاری کیا۔ سابق وزیراعظم کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ نہیں جاری کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے ماضی میں متعدد بار یہ کہا گیا کہ سابق وزیراعظم لندن میں علاج مکمل کرانے کے بعد ہی پاکستان واپس آئیں گے۔
دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے نواز شریف اور ان کی ٹیم سے لندن میں ایک طویل ملاقات تھی۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے متعدد بار ماضی میں کیے گئے ’چارٹر آف ڈیموکریسی‘ کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ ایک بار پھر اس تاریخ کو دہرانا چاہتے ہیں۔