تھائی لینڈ سیکیورٹی کے شعبے میں سعودی عرب سے تعاون کا خواہاں
تھائی لینڈ سیکیورٹی کے شعبے میں سعودی عرب سے تعاون کا خواہاں
ہفتہ 14 مئی 2022 22:35
تھائی وزیرخارجہ سیکورٹی تعلقات کی بحالی کے لیے ریاض کا دورہ کرنے والے ہیں( فائل فوٹو اے ایف پی)
تھائی لینڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ تھائی وزیرخارجہ سعودی عرب کے ساتھ سیکورٹی تعلقات کو بحال کرنے کے لیے اگلے ہفتے ریاض کا دورہ کرنے والے ہیں۔
سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات 1980 کی دہائی میں تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تجدید اس وقت ہوئی جب تھائی لینڈ کے وزیراعظم، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر رواں برس جنوری کے آخر میں ریاض آئے۔ یہ تین دہائیوں میں دونوں ممالک کے درمیان پہلی اعلیٰ قیادت کی ملاقات تھی۔
اس دورے میں دونوں حکومتوں نے تجارت، سرمایہ کاری اورمزدوروں کی بھرتی کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے لیکن ابھی تک دفاعی تعلقات پر بات نہیں ہوئی۔
تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ جو تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم بھی ہیں 15 سے 18 مئی کو سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ان کے وفد میں سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہوں گے۔
تھائی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا، مشرق وسطی اورافریقی امور ڈارم بوونتھم نےعرب نیوز کو بتایا کہ ’سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں کیونکہ دونوں ممالک کی سکیورٹی کے معاملات پر مشتمل تنظیموں کو 30 سال سے زیادہ عرصے میں ملاقات کا موقع نہیں ملا ہے۔‘
انہوں نے تھائی وزیر خارجہ کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہم شاید پہلا قدم دیکھ سکیں گے کیونکہ سکیورٹی تعاون کے فریم ورک پر بات چیت کے لیے مسودہ تیار کیا گیا ہے، ایک اہم شعبہ فوجی تعاون اور انٹیلی جنس کا تبادلہ ہے۔‘
ڈارم بوونتھم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تھائی حکام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے بینکاک کے دورے پر تبادلہ خیال کریں گے جو امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں ہو گا۔
تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان، سرمایہ کاری، سیاحت اور توانائی کے وزرا سے ملاقات متوقع ہے۔
سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے دونوں ممالک پہلے ہی عوام سے عوام کے تبادلے کو دوبارہ شروع کر چکے ہیں۔
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے فروری کے آخر میں ریاض اور بینکاک کے درمیان تجارتی پروازیں دوبارہ شروع کیں۔
تھائی ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی میں بینکاک سے جدہ کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔
سعودی عرب کسی زمانے میں تھائی تارکین وطن کے لیے ایک مقبول منزل تھا جہاں 1980 کی دہائی کے دوران تین لاکھ سے زیادہ تھائی ورکرز مملکت میں رہتے اور کام کرتے تھے۔