Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحوں کے لیے خوشخبری، تھائی لینڈ میں مئی سے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم

’اب لوگوں کو آمد پر کورونا ٹیسٹ اور مختصر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
تھائی لینڈ میں آئندہ ماہ سے ملک میں آنے والے افراد کے لیے لازمی ویکسینیشن سمیت دیگر شرائط ختم کردی جائیں گی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق تھائی حکام نے جمعے کو بتایا کہ ’اب لوگوں کو آمد پر کورونا ٹیسٹ اور مختصر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔‘
تھائی لینڈ کا یہ تازہ اقدام اس کی تباہ شدہ سیاحت کی صنعت کو بحال کرنے کی کوشش ہے۔
ملک میں آنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے قیام کے دوران موجودہ ’ٹیسٹ اینڈ گو سکیم، جس میں لوگوں کو ٹیسٹ کے نتیجے کا انتظار کرتے ہوئے ہوٹل میں الگ تھلگ رہنا ہوتا ہے، کے بجائے اینٹیجن سیلف ٹیسٹ کرائیں۔
تھائی لینڈ کی حکومت نے گذشتہ ماہ روانگی سے قبل ٹیسٹ کی ضرورت کو ختم کرنے کے بعد یہ نیا اقدام اٹھایا ہے۔
کورونا وائرس ٹاسک فورس کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’کہ ان اقدامات کا اثر سیاحت پر پڑے گا۔‘
خیال رہے کہ سیاحت کی تھائی لینڈ کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ ایشیا کے سب سے مشہور چھٹیوں کے مقامات میں سے ایک ہے۔
کورونا وبا سے قبل سیاحت ملک کی جی ڈی پی کے 12 فیصد کے برابر تھی اور ریکارڈ تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے تھے۔
اگرچہ تھائی لینڈ میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے لیکن ابھی بھی یہ تعداد بہت کم ہے۔ 2019 میں اوسط ہر ماہ 33 لاکھ سیاح یہاں آتے تھے۔

شیئر: